وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں حالیہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے میجر رضوان طاہر کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے والد کرنل ریٹائرڈ محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور شہید کے اہل خانہ کے بلند حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ شہید بیٹے کے باہمت اور بلند حوصلہ والدین ہیں، آپ کا یہ حوصلہ اور عزم ہی قوم کی اصل طاقت ہے، آپ کی عظمت کو سلام‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میجر رضوان طاہر نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ’انہوں نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔ وہ قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے احسانات کی مقروض رہے گی۔