پاکستان کا 78واں یومِ آزادی، رنگا رنگ تقاریب، حکومت، افواج پاکستان اورعوام کا وطن سے وفا وعقیدت کا بھرپور اظہار کیا گیا، پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
لاہور، کوئٹہ اور مظفرآباد میں بھی پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے توپوں کی سلامی پیش کی۔ نمازِ فجر میں ملک کی ترقی، سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
جذبۂ آزادی، شہریوں کے ولولے اور عہد
یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی شہریوں نے حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں روشنی لاتے ہیں، ’ہم وہ عزم ہیں جو طوفانوں میں بھی نہ ڈگمگائیں‘، ’یہ دھرتی ہماری پہچان ہے‘ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ پاکستان کو ترقی، عزت اور کامیابی کی علامت بنائیں گے‘۔ شہریوں نے یہ بھی عہد کیا کہ علم و ہنر کو اپنی طاقت بنا کر پاکستان کو دنیا میں نمایاں مقام دلائیں گے۔
شہدا کو خراجِ عقیدت، اہلِ خانہ کے پیغامات
یومِ آزادی کے موقع پر وطن کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مختلف شہدا کے اہلِ خانہ نے پاکستان اور پاک فوج سے وابستگی، قربانی اور فخر کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا ہے۔
سپاہی اسامہ محبوب شہید کے والد نے اپنے پیغام میں کا کہا کہ ’ ہمارے بزرگوں نے جانوں کی قربانی دے کر پاکستان حاصل کیا، آج ہمیں اپنی دعاؤں میں سرحدوں کے محافظوں کو یاد رکھنا چاہیے‘۔
سپاہی محمد صفدر شہید کے بھائی نے کہا کہ 14 اگست صرف جشن کا دن نہیں بلکہ قربانیوں، جدوجہد اور غیر متزلزل ہمت کی یادگار ہے۔
نائب صوبیدار کاشف رضا شہید کے بھائی نے کہا کہ ’ یہ دن ماؤں اور شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، لانس نائیک عامر عباس شہید کے بھائی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اسلاف کی قربانیوں اور سپاہیوں کی عظمت یاد دلاتا ہے،۔ نائیک ماجد شہید کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ’ کارگل، سیاچن اور ہر محاذ پر ہمارے جوان سرخرو ہوئے، ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے‘۔
ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائیں
پاکستان کے بقا، سلامتی، ترقی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ شہدائے تحریکِ پاکستان کے لیے بھی ایصالِ ثواب کیا گیا۔ اس موقع پرغازیوں اور حالیہ شہدا کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شمالی وزیرستان میں رنگارنگ تقریبات
شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں یومِ آزادی کی مناسبت سے شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ جی او سی میجر جنرل عادل افتخار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں ملی نغمے، تقاریر، کھیلوں کے مقابلے اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ بچوں نے قومی پرچم تھام کر حب الوطنی کا اظہار کیا، اور انعامات حاصل کیے۔
ملک بھر میں پرچم کشائی کی شاندار تقریبات
ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات جوائنٹ سروسز ہیڈکوارٹر، جی ایچ کیو اور دیگر عسکری مراکز میں منعقد ہوئیں۔ اعلیٰ افسران نے پرچم کو سلامی دی۔ پیغام واضح تھا کہ ’ یہ پرچم ہماری سرفرازی کی علامت ہے‘۔ اگر جان بھی دینی پڑے تو یہ اعزاز کی بات ہو گی‘۔
یورپی یونین کا محبت بھرا تحفہ، قومی ترانے کی دھن
یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے پاکستانی یومِ آزادی کے موقع پر ٹرمپٹ پر قومی ترانہ بجا کر محبت کا اظہار کیا۔
اس دل کو چھو لینے والی ویڈیو میں 20 یورپی سفیر شامل تھے، جنہوں نے پاکستانی عوام سے محبت اور دوستی کا پیغام دیا۔ ویڈیو کو ’انکٹ اسٹوڈیو‘ نے پروڈیوس کیا اور امان احمد نے ڈائریکٹ کیا۔
یومِ آزادی کا عزم، جدوجہد اور استقلال کا دن
14اگست پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں کا خواب، قربانیوں اور جدوجہد کے بعد ایک حقیقت میں بدلا۔ یہ دن نہ صرف جشن کا دن ہے بلکہ قومی خودی، شہداء کی یاد، اور عزمِ نو کا دن بھی ہے۔