واشنگٹن: پاکستانی سفارخانے میں 79ویں یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

واشنگٹن: پاکستانی سفارخانے میں 79ویں یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن ڈی سی میں 79ویں یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” کی مناسبت سے ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی امریکی کمیونٹی، سفارتخانے کے افسران اور میڈیا نمائندگان کی موجودگی میں قومی ترانے کی دھن پر پرچم کُشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تقریب کا آغاز صدرِ پاکستان، وزیراعظم، اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے یومِ آزادی کے خصوصی پیغامات سے ہوا، جن میں قومی اتحاد، ترقی اور استحکام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر ملی نغمے، امریکی کانگریس کے اراکین کے ویڈیو پیغامات ورامریکی طلباء و شہریوں کی طرف سے خیرسگالی کے کلمات دکھائے گئے ۔ جس کے بعد روایتی پاکستانی ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان کو تاریخ کا ایک معجزہ قرار دیا جو ہمارے بانیوں کی بہادری پر مبنی جدوجہدِ آزادی کے نتیجے میں وجود میں آیا۔

سفیر پاکستان رضوان سعید نے کہا کہ آج پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر دو قومی نظریہ پہلے سے کہیں زیادہ سچ ثابت ہو رہا ہے۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے “آپریشن بنیان المرصوص” میں پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک کے دفاع و خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو دہرایا۔

انکا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی جنتا پارٹی کی ہندتوا حکومت نے پاکستان کو آسان ہدف سمجھتے ہوئے حملہ کیا۔ لیکن ان کے مذموم عزائم کو ہماری مسلح افواج کی جرأت و بہادری نے ناکام بنا دیا”۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ، “پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، جس نے کبھی اس جنگ کی خواہش نہیں کی۔ یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی۔ لیکن ہم اس آزمائش سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو کر اُبھرے ہیں۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے معاشی ترقی کو “بنیان المرصوص کا نامکمل ایجنڈا” قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔

سفیر پاکستان رضوان سعیدشیخ نے کہا “ہمیں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ بنیان المرصوص کی روح اُس وقت تک مکمل نہیں ہوگی جب تک ہم ایک مضبوط معیشت کے ساتھ اقوامِ عالم میں باوقار مقام حاصل نہ کر لیں۔ اگر ہماری معیشت مضبوط ہو، تو پاکستان اور اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن جائے گا”۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی حالیہ معاشی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا”پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور کئی دہائیوں بعد ہمیں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل ہوا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور تمام کلیدی اقتصادی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ اس ترقی کے اعتراف میں فچ، ایس اینڈ پی اور کل ہی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بہتر کر دیا ہے”۔

پاکستان–امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات “مثبت اور ترقی پذیر راستے پر گامزن ہیں”۔ انہوں نے واضح کیا کہ “مستقبل کی دو بڑی قوتوں کے درمیان مضبوط تعلقات صرف انتخاب نہیں بلکہ ایک اہم ضرورت ہیں”۔ رضوان سعید شیخ سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو پاکستان کی “اصل طاقت” قرار دیا اور انہیں پاک-امریکہ تعلقات کے فروغ میں شراکت داری کی دعوت دی۔

اپنے خطاب کے آخری کلمات میں ،سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہو کہا کہ”آئیے پاکستان کے لیے مل کر کام کریں۔ امریکہ میں ہر پاکستانی، پاکستان کا سفیر ہے۔ میں آپ سب کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مکمل اختیارات دیتا ہوں۔ پاک-امریکہ دوستی زندہ باد، پاکستان پائندہ باد”۔

تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے سفارتخانے کے ساتھ پاکستان کے یومِ آزادی اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران “معرکۂ حق” میں قوم کی فتح کی خوشی منانے میں شرکت کی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *