خیبرپختونخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 189 تک پہنچ گئی

خیبرپختونخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 189 تک پہنچ گئی

پشاور ۔ پی ڈی ایم اے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ سے صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف حادثات کے باعث 189 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 163 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 18 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

بارشوں اور فلش فلڈ سے مجموعی طور پر 45 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 38 مکانات جزوی طور پر متاثر اور 7 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے باجوڑ اور بٹگرام ہیں۔ باجوڑ اور بونیر میں ریسکیو آپریشن میں دو ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا سوات میں سیلاب میں ریسکیو آپریشن، عوام اورسکول کے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے امدادی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ اس میں ضلع بونیر کو 15 کروڑ روپے، جبکہ باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10، 10 کروڑ روپے اور سوات کو 5 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراؤں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

مزید برآں، تمام سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا سوات میں سیلاب میں ریسکیو آپریشن، عوام اورسکول کے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *