مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، علی امین گنڈاپور

مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، علی امین گنڈاپور

پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ خصوصاً ملاکنڈ اور ہزارہ ریجنز میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے باعث بھیانک قسم کے سیلابی ریلے آئے ہیں، جن کے نتیجے میں مختلف حادثات کے سبب بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس ہنگامی صورتحال میں متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے دو ہیلی کاپٹرز کام کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث افسوسناک حادثے کا شکار ہوا، جس میں عملے کے پانچ افراد شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں مصروف ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قائم کنٹرول روم کے ذریعے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ متاثرہ اضلاع سمیت دیگر علاقوں کی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن اور بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے ہیوی مشینری لگا دی گئی ہے، جبکہ املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا،کشمیر،گلگت میں بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے بڑی تباہی، 150 سے زائد بحق

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ ہمارے منتخب عوامی نمائندے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور انہیں مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ہم سب مل کر بہت جلد اس صورتحال پر قابو پا لیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *