شمالی پاکستان میں طوفانی مون سون بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور اچانک سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 250 سے زیادہ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ گنداپور کی ہنگامی امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے، مواصلاتی نظام درہم برہم، پورے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔
پاکستان ڈزآسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا ہے کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع خیبرپختونخوا کا بونیر ہے جہاں 213 افراد جاں بحق ہوئے۔ آزاد جموں کشمیر میں 19 اور گلگت بلتستان (جی بی) میں 12 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ریلیف کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 5 جوان شہید
باجوڑ کے علاقے سالارزئی میں امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار 5 فوجی افسران شہید ہو گئے۔ ایک اور ہیلی کاپٹر بونیر میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
بونیر کے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے
سیلاب سے پیر بابا، گوکند اور چغرزئی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ گھروں، دکانوں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو حکام نے 213 اموات کی تصدیق کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 184 افراد جاں بحق ہوئے۔
ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) ڈگر اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال (ٹی ایچ کیو) پچا کلی میں درجنوں زخمیوں کا علاج جاری ہے، جبکہ اسپتالوں میں سہولیات کم پڑ گئی ہیں۔ بونیر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، موبائل نیٹ ورک اور مواصلاتی نظام شدید متاثر ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہنگامی کارروائیاں
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں جامع امدادی کارروائیاں شروع کرے اور خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فوری روانہ کی جائیں۔
اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ’این ڈی ایم اے‘ اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان قریبی رابطے کی ہدایت دی تاکہ امدادی کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری رکھی جا سکیں۔
سوگ کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنداپور نے یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق افراد کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
سوات، باجوڑ، دیگر اضلاع بھی متاثر
سوات میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن میں پانی داخل ہونے کے باعث 41 فیڈرز سے بجلی معطل ہو گئی ہے۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے مطابق 16 کھمبے بہہ گئے جبکہ دیگر انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پاک فوج سوات اور باجوڑ میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے خوراک اور ادویات بھی پہنچائی جا رہی ہیں۔
آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تباہی
آزادکشمیر کے نیلم ویلی میں 6 معلق پل بہہ گئے جبکہ مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث نیلم اور کوہالہ ہائی ویز بند ہو گئیں۔
گلگت بلتستان میں فصلیں، مکانات، پل اور نہریں تباہ ہو گئیں۔ غذر، شگر، گانچھے اور ہرامنگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ دیامر میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ استور ویلی اور اسکردو کے کئی علاقے مکمل طور پر کٹ گئے۔
قراقرم ہائی وے وقتی طور پر بند ہو گئی تھی تاہم جی بی کے اندر اس کی بحالی ہو چکی ہے۔ شدید بارش کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو 1122 اور جی بی ڈی ایم اے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی کلاؤڈ برسٹ سے 56 اموات
مقبوضہ جموں کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے کم از کم 56 افراد جاں بحق اور 100 سے زیادہ لاپتہ ہو گئے۔ متاثرہ علاقے میں بڑی تعداد میں ہندو یاتری موجود تھے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کا خطرناک عکس
’این ڈی ایم اے‘ کے ترجمان کے مطابق اس سال مون سون معمول سے پہلے شروع ہوا اور مزید 15 دن شدید بارشوں کا امکان ہے۔ پاکستان پہلے ہی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
گزشتہ مہینے پنجاب میں اوسط سے 73 فیصد زیادہ بارش ہوئی، جبکہ ملک بھر میں 500 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں، جن میں 159 بچے شامل ہیں۔
قومی یکجہتی اور امداد
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے گورنر کے پی سے رابطہ کر کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ’ہم خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
اگر آپ یا آپ کا کوئی عزیز متاثرہ علاقوں میں ہے تو فوری مدد کے لیے این ڈی ایم اے یا مقامی ہنگامی امدادی اداروں سے رابطہ کریں۔