لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ویٹرنری گریجویٹس اور پیرا ویٹس کے لیے پہلا جامع انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت طلبا کو ماہانہ 40 سے 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے لیے 60 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے جب کہ پیرا ویٹس اور معاونین لائیواسٹاک کو انٹرن شپ کے دوران 40 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ دو سالہ ایل اے ڈی کورس مکمل کرنے والے نوجوان بھی اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد صوبے میں لائیواسٹاک کی ترقی اور فروغ ہے، جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے لائیواسٹاک فارمرز کو علاج اور مشاورت کی سہولت ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کو لائیواسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کا مرکز بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہم آج بھی لائیواسٹاک فارمرز کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔”