نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا ہے،حکام کے مطابق گرفتاری اُس وقت عمل میں آئی جب وہ بیرون ملک سفر کے لیے ایئرپورٹ پہنچےتاہم ان کا نام پہلے سے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل تھاجس کے باعث امیگریشن حکام نے انہیں روانگی سے روک دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی کے خلاف متعدد نوعیت کے الزامات کی تفتیش جاری ہے، اسی وجہ سے این سی سی آئی اے نے ان کا نام خصوصی فہرست میں شامل کر رکھا تھا تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یوٹیوبر بیرون ملک روانہ ہو کر مقدمات اور قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش میں تھےمگر ایئرپورٹ پر حکام نے انہیں فوری طور پر حراست میں لے کر تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ڈکی بھائی پر سائبر کرائم قوانین کی خلاف ورزی، آن لائن سرگرمیوں اور بعض شکایات کی بنیاد پر تحقیقات کی جا رہی ہیں،ذرائع کے مطابق ان کے خلاف مزید شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں اور معاملے کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جا سکے۔
ادھر ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری پاکستان میں بڑھتی ہوئی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی اور سائبر قوانین کے نفاذ کی اہم مثال ہے، ذرائع کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد اس حوالے سے مزید پیش رفت عوام کے سامنے لائی جائے گی۔