پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے حوالے سے صوبے بھر میں وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمے کے مطابق 17 اگست سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ اور فیصل آباد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
ادارے کے مطابق بارشوں سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے متنبہ کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک مزید کلاؤڈ برسٹ جیسے شدید موسمی واقعات کا سامنا کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ تباہ کاریاں ایک ایسے موسمی سسٹم کی وجہ سے ہوئیں جو مغرب کی سمت سے داخل ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کی شدت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ شہریوں کا نشیبی علاقوں میں رہائش اختیار کرنا ہے، جو خطرات کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق دو ہفتے قبل گلگت بلتستان میں دیکھی جانے والی شدید موسمی صورتحال کا تسلسل اب خیبرپختونخوا میں نظر آ رہا ہے جبکہ مستقبل میں مزید خطرناک موسمی سسٹمز کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
مارگلہ ہلز کے تمام ٹریلز بارشوں کے خدشات کے پیش نظر بند کر دیے گئے ہیں ، چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ضرورت پڑنے پر عوام کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔