وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق سوات میں حالیہ سیلاب کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کرنے والے دو نوجوان محمد ہلال اور عصمت علی، کو دس،10 لاکھ روپے کے انعامی چیکس دیے گئے۔
انعامی چیکس وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے نوجوانوں کے حوالے کیے ۔
یہ رقم ان نوجوانوں کو ان کی بروقت، دلیرانہ اور انسانیت پر مبنی کارروائیوں کے اعتراف کے طور پر دی گئی۔
محمد ہلال اور عصمت علی نے قدرتی آفت کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر متعدد افراد کی جانیں بچائیں۔
ان کی بہادری اور انسانیت کی خدمت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے انہیں قومی ہیرو قرار دیا ہے،اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ نوجوان قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں ان کی جانب سے انسانیت، ایثار اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی گئی۔ حکومت ایسے بہادر اور پرعزم افراد کی خدمات کو ہمیشہ سراہتی ہے اور انہیں عوام کے سامنے نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔