بھارت کے زیر تسلط شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ میں آزادی کی تحریک ایک بار پھر زور پکڑ چکی ہے، جسے ہندو توا کی مودی سرکار کی سب سے بڑی ناکامی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی ریاست ناگالینڈ آرمی کے ترجمان نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے قابض بھارتی حکومت پر شدید تنقید کی اور عوام سے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ترجمان ناگالینڈ آرمی نے کہا ہے کہ ’ہماری سرزمین، ہماری پہچان اور ہمارا مستقبل خطرے میں ہے‘۔’انہوں نے واضح کیا کہ ناگالینڈ کے عوام اب بھارت سے آزادی کی تحریک کو محض ایک عسکری کوشش نہیں بلکہ عوامی جدوجہد کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نااہل مودی حکومت، ناگالینڈ کے عوام کی آواز کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
ہمیں اپنے آزاد وطن کے لیے متحد رہنا ہوگا
بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہمیں اپنے آزاد وطن کے لیے متحد رہنا ہوگا۔ جب ہمارا گھر جل رہا ہو تو ہمیں خود کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔’انہوں نے زور دیا کہ ناگالینڈ کے ہر فرد کو اپنی سرزمین، تاریخ اور مستقبل کی حفاظت کے لیے آگے آنا ہوگا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم خوش ہیں کہ آزادی کی اس تحریک کی قیادت اب عوام خود کر رہے ہیں اور یہ تحریک اب ناگالینڈ کے ہر فرد کی تحریک بن چکی ہے۔’ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ناگالینڈ کے مستقبل کے فیصلے، بشمول ریفرنڈم، کے حق میں آواز بلند کریں‘۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ناگالینڈ آزادی کے بالکل قریب ہے اور جلد ہی اپنی شناخت، سرزمین اور خودمختاری حاصل کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہمارا وجود قائم ہے تو اس کے لیے ہمارے پاس ایک خطہ بھی موجود ہے‘۔ جلد ہم اپنی سرزمین، اپنی تاریخ اور اپنے مستقبل کے ساتھ ہوں گے‘۔
ناگالینڈ آرمی نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نا صرف ناگالینڈ بلکہ کشمیر اور جوناگڑھ جیسے کئی علاقوں پر غیر قانونی قبضہ جمائے ہوئے ہے، مگر آزادی کی لہر ان تمام خطوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔
وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام بھی آزادی کا سانس لیں گے
ترجمان نے اپنے بیان کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کے بہن بھائی بھی قابض بھارت سے نجات حاصل کر کے آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے‘۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ناگالینڈ میں بھارت کے خلاف عوامی احتجاج اور آزادی کے نعرے ایک بار پھر گونجنے لگے ہیں اور عالمی برادری کی نظر اس خطے میں ابھرتی ہوئی نئی سیاسی صورتحال پر مرکوز ہوتی جا رہی ہے۔