پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری رنگ لانے لگی، سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے

پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری رنگ لانے لگی، سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے

پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری نے عالمی سطح پر خاص طور پر امریکا میں نئی پذیرائی حاصل کر لی ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو سراہا جا رہا ہے بلکہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی سامنے آ رہے ہیں۔

برطانوی مالیاتی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی اس نئی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کی گئی کرپٹو پالیسیوں نے واشنگٹن میں اسلام آباد کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا 5 ڈیجیٹل کرنسیز کو امریکی کرپٹو ریزرو میں شامل کرنے کا اعلان، مارکیٹ میں تیزی

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ’کرپٹو سفارت کاری‘ کے ذریعے نہ صرف امریکا کے کاروباری اور سیاسی حلقوں تک رسائی حاصل کی ہے، بلکہ خاص طور پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی کاروباری حلقوں میں بھی اپنے اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس پیش رفت سے بھارت میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

ایشیا پیسیفک فاؤنڈیشن کے غیر مقیم سینیئر فیلو، مائیکل کوگلمین کے مطابق ’پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک غیر متوقع بہتری اور نئی جہت دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کا کریڈٹ پاکستان کی جدید سفارتی حکمت عملی کو دیا جا سکتا ہے‘۔

فنانشل ٹائمز نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل نے پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ ایک ’لیٹر آف انٹینٹ‘ (ایل او آئی) پر دستخط کیے ہیں، جو مستقبل میں مشترکہ بلاک چین منصوبوں اور سرمایہ کاری کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کرپٹو کرنسیوں سے متعلق بڑا بیان سامنے آگیا

پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل، جن کی مالیت کھربوں ڈالر بتائی جا رہی ہے، اب ٹوکنائزیشن کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں، جس سے ان اثاثوں کو عالمی مارکیٹ میں کرپٹو اور بلاک چین کے ذریعے قابلِ تجارت بنایا جا سکے گا۔

وزیر مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین، بلال بن ثاقب نے حالیہ دنوں واشنگٹن میں اہم تجارتی اور ٹیکنالوجی مذاکرات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں اور مشیروں کے سامنے پاکستان کی کرپٹو و بلاک چین صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔

واشنگٹن میں پاکستان کے ان منصوبوں کو سراہا جا رہا ہے اور ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکا سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری نہ صرف معیشت کے لیے نیا باب کھول رہی ہے بلکہ بین الاقوامی تعلقات میں بھی پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنا رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *