پنجاب میں دریاؤں کی طغیانی، مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال

پنجاب میں دریاؤں کی طغیانی، مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال

پنجاب کے مختلف علاقوں میں دریاؤں کے پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کے باعث متعدد اضلاع میں سیلاب آ گیا ہے، درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ کٹ چکا ہے، کھڑی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور مساجد سے نقل مکانی کے اعلانات کیے جا رہے ہیں، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

پوٹھوہارریجن میں فلیش فلڈنگ کا امکان

 پی ڈی ایم اےکے مطابق مون سون کے ساتویں اسپیل کے تحت آج سے 23 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک اور چکوال سمیت پوٹھوہار کے علاقوں میں فلیش فلڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں۔ اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، جھنگ، ساہیوال اور ملتان سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

قصور اور ستلج کی صورتحال

دریائے ستلج میں پانی کی سطح بڑھنے سے ضلع قصور کے کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں، گنڈا سنگھ ہیڈ ورکس پر پانی کا اخراج 75 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مزید پانی بھارت کے ہریکے ہیڈ ورکس سے چھوڑے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ڈوب گئی ہیں، کھڑی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور کسان شدید نقصان سے دوچار ہیں۔

بہاولنگر اور دیگر اضلاع

بہاولنگر میں ستلج کے حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی فصلوں میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، موضع توگیرہ شریف اور ماڑی میاں صاحب کے علاقے شدید متاثر ہیں، ریسکیو ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ظفروال میں نالہ ڈیک کی طغیانی

نالہ ڈیک میں 22 ہزار کیوسک پانی کا ریلا داخل ہونے سے گاؤں لہڑی کلاں اور دیولی زیر آب آ گئے، ضلعی انتظامیہ نے 4 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں اور دیہات میں وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

چنیوٹ اور دریائے چناب

چنیوٹ میں دریائے چناب کے مقام پر ایک لاکھ 10 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے جس سے متعدد دیہات ڈوب گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی ٹیمیں متاثرہ لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔

دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب

کندیاں کے مقام پر دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، چشمہ بیراج پر پانی کی آمد ساڑھے چار لاکھ کیوسک تک پہنچ گئی ہے، کچے کے علاقوں میں وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور مساجد سے نقل مکانی کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد چشتیاں متاثر

بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کے باعث دریائے ستلج میں چشتیاں کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ہے، پانی تیزی سے فصلوں میں داخل ہو رہا ہے جبکہ زمینی کٹاؤ کا عمل جاری ہے،کماد اور تلی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *