کراچی میں بونداباندی، ملک میں بارشیں 22 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی

کراچی میں بونداباندی، ملک میں بارشیں 22 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حکام نے کہا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہے گا جس میں مزید شدت متوقع ہے، بارشوں کے 3 مزید سلسلے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 18 اگست سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے، جس نے شہریوں کو گرمی سے نجات دلا دی ہے۔

ملک کے دیگر حصوں میں بھی آج سے مون سون کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں ، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں۔

سندھ کے مختلف علاقوں اور بلوچستان میں 22 اگست تک موسلادھار بارش کا امکان ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کے پیشِ نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم اے : پنجاب میں سیاحوں کو دو دن کیلیے خصوصی ہدایات جاری

اسلام آباد میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب بھر میں بالخصوص پوٹھوہار اور شمال مشرقی اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بارشیں متوقع ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ جنوبی اضلاع بشمول ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کرک اور کوہاٹ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔

کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر سمیت مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گھانچے اور شگر میں بارشوں کا امکان ہے جس کے نتیجے میں وادی کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

ایں ڈی ایم اے نے متنبہ کیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات سے آگاہ رہیں، گاڑیاں محفوظ جگہ پر پارک کریں، درختوں/ سائن بورڈز اور کمزور تعمیرات سے دور رہیں، برساتی نالوں، دریا کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس علاقوں کے سفر سے اجتناب کریں۔

یہ بھی پڑھیں:سیلاب،لینڈ سلائیڈنگ ، شمالی علاقہ جات کی کونسی سڑکیں بند ہیں؟ جانیے

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی ہدایات پر فوری عمل کریں، این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کر ررہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *