وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کا کردار سب سے زیادہ اہم ہوگا، جاب فیئر سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کو قیادت کرنا ہوگی، جیسے جیسے معیشت سنبھلتی ہے اور ہم مستقل ترقی کی طرف بڑھتے ہیں، ملک کو آگے بڑھانے میں نجی شعبے کا سب سے اہم کردار ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ اس کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے، پوری کوشش ہوگی کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مزید کم کریں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آج کے دور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وجہ سے ترقی کے کئی نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، لیکن انسانوں کے لیے محنت کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، اتارچڑھاؤ آتے ہیں لیکن ٹیلنٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں مستقل گروتھ کی طرف جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت پاکستان کا نہایت اہم شعبہ ہے اور اس کے فروغ کے لیے ہر شعبہ فکر اور مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ سیاحت میں بہت سے نئے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات لائی گئی ہیں، سٹاک ایکسچینج روزانہ نئے ریکارڈ بنارہی ہے، سٹاک مارکیٹ میں تیزی معاشی بہتری کی علامت ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے درست سمت میں گامزن ہیں۔