خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں کلاؤڈبرسٹ اور لینڈسلائیڈنگ نے تباہی مچادی ، متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے اور مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق صوابی کے علاقے علادالاوڑی گدون میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 12 گھر ڈوب چکے ہیں ، شہری جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے، 70 سے زائد محصور افراد کو سیلاب سے ریسکیو کرلیا گیا۔
صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں طوفانی بارش کے بعد گھروں میں پانی داخل ہوگیا ، جس کے بعد لوگوں نے جانیں بچانے کے لیے چھتوں پر پناہ لی، سٹیفہ موڑ گدون میں سیلابی ریلے میں کئی لوگ پھنس کر رہ گئے، متاثرہ افراد نے جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے لی ہے اور امداد کے منتظر ہیں۔
🚨🚨صوابی، گدون کے علاقے بادہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ۔۔بھاری پتھروں اور مٹی کے تودے اچانک سڑک پر گرنے سے متعدد گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔۔ pic.twitter.com/jpcQRN7G6F
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) August 18, 2025
دوسری جانب ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ دور افتادہ پہاڑی علاقے گدون امازئی کے گاؤں سرکوئی پایاں میں بھی مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب جانے سے 4 افراد جاں بحق اور 7زخمی ہوگئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو ٹوپی ہسپتال لایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بونداباندی، ملک میں بارشیں 22 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی
طوفانی بارش کے بعد جہانگیرہ روڈ امبار و کنڈہ موڑ پر بھی ہر طرف پانی جمع ہوگیا، تورڈھیر میں نجی سکول کی دیوار منہدم ہوگئی، ایک مقام پر پوری وین چھت تک پانی میں ڈوب گئی۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سے کئی گھر ڈوب گئے ہیں، کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔
ڈی سی صوابی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے۔
صوابی میں کلاوڈ برسٹ واقعہ سے متعلق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کمشنر مردان اور دیگر حکام سے رابطہ کیا اور ڈیٹی کمشنر صوابی کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچنے اور ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل، ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جلد متاثرہ علاقے میں پہنچائی جائیں، ملحقہ اضلاع سے بھی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقہ روانہ کی جائیں، لوگوں کو ریسکیو کرنے اور ان کی جانیں بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
ادھر نوشہرہ کی تحصیل پبی میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، پشاور میں موسلادھار بارش کے بعد مختلف مقامات پر برساتی نالے ابل پڑے، یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈ، رام داس بازار، صدر بازار، پیپل منڈی، محلہ خداداد اور قصہ خوانی میں ہر جانب پانی ہی پانی نظر آرہا ہے۔
سوات کےشہر مینگورہ کے بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال ہے، ہری پور میں کھولیاں بالا کے برساتی نالے سے بڑا آبی ریلا گزر گیا، جس سے ہری پور کو ایبٹ آباد سے ملانے والی شاہراہ قراقرم بند ہوگئی۔
🚨🚨مینگورہ میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال کا سامنا۔۔دریا کا پانی تیز بہاؤ کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔۔ pic.twitter.com/8WRS0Y0lU2
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) August 18, 2025