سوات کے علاقے منگورہ میں آنے والے سیلاب کے باعث گورنمنٹ پرائمری سکول شدید متاثر ہوا، تاہم سکول کے ہیڈ ماسٹر کی بروقت فیصلے نے سیکڑوں طلبہ کی جانیں بچا لیں۔
ہیڈ ماسٹر سعید احمد نے بتایا کہ سیلاب کے روز صبح کے وقت قریب واقع ندی میں اچانک پانی کے بہاؤ میں تیزی آئی۔ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے فوراً اساتذہ کو ہدایت دی کہ بچوں کو چھٹی دے دی جائے۔ اسی دوران پانی سکول میں داخل ہوگیا اور بیرونی دیوار گر گئی۔
ہیڈ ماسٹر کے بروقت اقدام کے نتیجے میں سکول کے تمام 936 بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سعید احمد کے مطابق صرف پانچ منٹ کے اندر پورا سکول سیلاب کی لپیٹ میں آ گیا اور کلاس رومز کے ساتھ ساتھ دفاتر بھی پانی میں بھر گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ سکول کی فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔