سوات اور مالاکنڈ میں سرکاری اور نجی اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اور نجی اسکول بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول بند رکھنے کا فیصلہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کےخدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے سرکاری اور نجی اسکولز 25 اگست تک بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ پہاڑی سرد ترین علاقوں کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات صرف ایک ماہ یعنی یکم جولائی سے 31 جولائی جبکہ میدانی علاقوں میں یہ تعطیلات 31 اگست تک ہوتی ہیں۔ اب جب کے پہاڑی علاقوں کے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں تو خراب موسم اور ان علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ کے خطرات کے پیش نظر بند کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا جہاں مختلف حادثات میں اب تک 300 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ہے جبکہ بہت سے لوگ اب تک لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے مزید 2 اسپیل آ رہے ہیں جو اس سے بھی زیادہ سخت ہیں۔
وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا تھا پاکستان مون سون کے ساتویں اسپیل سے گزر رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، شمالی علاقوں سے جب گلیشیئرز سے پانی آئے گا تو نشیبی علاقوں میں تباہی ہو گی۔