اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا

اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، بینچ مارک 100 انڈیکس آج بھی زبردست تیزی کے بعد ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ کے آغاز پر ہی تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس سے اوپر چلا گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس سے 100 انڈیکس بلند ترین سطح 1 لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز کاروبار کا اختتام 1 لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس پر ہوا تھا۔ اس طرح دو سال کے دوران 100 انڈیکس میں ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ جولائی 2023 میں 100 انڈیکس 40 ہزار تھا جو آج 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد پر پہنچ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 اگست 2017 کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن 100 ارب ڈالر تھی جو اُس وقت جی ڈی پی کے 33 فیصد کے برابر تھی، تاہم ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باعث اگست 2025 میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن کم ہو کر 63 ارب ڈالر رہ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: موڈیز کی ریٹنگ اپ گریڈ سے پاکستان کی معیشت پرعالمی اعتماد میں اضافہ

بینچ مارک 100 انڈیکس میں بینکنگ سیکٹر کا حصہ سب سے زیادہ 36.3 فیصد رہا، فرٹیلائزر سیکٹر 16.7 فیصد، ایکسپولریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر 11.8 فیصد اور سیمنٹ سیکٹر کا حصہ 9.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی میکرو اکنامک حالات میں بہتری، آئی ایم ایف کے پروگرام کی بحالی، کریڈٹ ریٹنگ میں اپ گریڈیشن، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور حصص کی پرکشش قیمتیں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجوہات رہیں۔

وزیراعظم کا اظہار اطمینان

دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کاروباری برادری کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ معیشت میں بہتری سے سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، تاہم مزید محنت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق معاشی ٹیم نے دن رات محنت کرکے معیشت کو مشکلات سے نکالا۔

یہ بھی پڑھیں: موڈیز کی ریٹنگ اپ گریڈ سے پاکستان کی معیشت پرعالمی اعتماد میں اضافہ

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کار اور تاجر برادری پاکستان میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے کاروباری ترقی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *