گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بارش متاثرین کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے اور اعلان کیا کہ کراچی شہر میں بارش میں پھنسے متاثرین گورنر ہاؤس آ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچئ میں گزشتہ روز فلیش فلڈ کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بارش متاثرین کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ بارش میں پھنسے شہری گورنر ہاؤس آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ساری رات کھلے ہیں، یہ آپ کا گھر ہے آئیں اور قیام کریں۔عوامی گورنر کا خطاب دینے والے اس مشکل کی گھڑی میں میرے قریب ہیں۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ نے کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے احوال پوچھا۔
انہوں نے بارش میں بند گاڑیوں کو دھکا بھی لگایا اور شہریوں میں پینے کے پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔ گورنر سندھ نے وفاق سے تعاون کرنے کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کرکے کراچی میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔
کامران ٹیسوری نے وفاق سے کراچی کی صورتِ حال بہتر بنانے میں مدد کی درخواست کی۔ انہوں نے کاہ کہ کراچی ڈوب رہا ہے، وفاق فوری مشینری اور افرادی قوت میں مدد کرے، شہر ستر فیصد ریونیو دیتا ہے، اب وفاق شہر کی مدد کے لیے آگے آئے۔