پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن جاری، 7 ٹن راشن اور امدادی سامان روانہ

پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن جاری، 7 ٹن راشن اور امدادی سامان روانہ

پاک فضائیہ کی جانب سے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔

پاک فوج کےمحکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیلات  کے مطابق نور خان ایئر بیس سے سی ون 30 طیارے کے ذریعے 7 ٹن خشک راشن متاثرہ علاقوں میں پہنچایا گیا، جبکہ اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر امدادی سامان بھی روانہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کا سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

یہ امدادی کارروائیاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے انجام دی جارہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امداد کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ نے اب تک 75 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، جبکہ ریلیف آپریشن انتہائی سرعت اور مربوط حکمت عملی کے تحت جاری ہے۔ متاثرین کو راشن، ادویات، شیلٹرز اور فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:حافظ نعیم الرحمان کا وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ریلیف آپریشن قیمتی جانوں کے تحفظ اور قومی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ مہم ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے، جس میں آنے والے دنوں میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریلیف آپریشن افواجِ پاکستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *