حکومتِ پاکستان نے نگراں حکومت کے سابق وزیرِ اطلاعات و نشریات اور سینیئر صحافی مرتضیٰ سولنگی کو صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے اس تقرری کی تصدیق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں کی۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’ مجھے صدرِ پاکستان کا ترجمان مقرر کر دیا گیا ہے۔ میں کل سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالوں گا‘۔
یہ بھی پڑھیں:مرتضیٰ سولنگی اور احمد حسن العربی کی مشترکہ تصنیف میں ’معرکہ حق ‘ سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات
مرتضیٰ سولنگی ایک تجربہ کار صحافی اور میڈیا کے امور میں مہارت رکھنے والے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ انہیں میڈیا اور صحافت کے حلقوں میں وسیع احترام حاصل ہے۔
A little personal news.
I have been appointed the Spokesperson of the President of Pakistan. I will assume my new responsibilities starting tomorrow.
Thank you.
مرتضیٰ سولنگی کی تقرری کو ایوانِ صدر کی جانب سے عوامی رابطے اور میڈیا سے مؤثر بات چیت کو مضبوط بنانے کی ایک حکمتِ عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب صدر مملکت کا کردار ملکی معاملات میں زیادہ فعال سمجھا جا رہا ہے۔
سولنگی اس سے قبل ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل جیسے اہم عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں اور 2024 کے عام انتخابات سے قبل نگران کابینہ میں بطور وزیرِ اطلاعات خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں ان کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو سراہا گیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات و نشریات کی تقرری اس بات کی علامت ہے کہ صدر زرداری ایوانِ صدر کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے، میڈیا میں سرگرم رہنے اور عوامی سطح پر اپنا بیانیہ بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کے وسیع تجربے سے ایوانِ صدر کو ایک شفاف اور مؤثر میڈیا حکمتِ عملی ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔ سینیئر صحافی و سابق وزیر اطلاعات و نشریات کی نئی ذمہ داریوں، کردار اور ایوانِ صدر کی میڈیا حکمتِ عملی سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ دنوں میں متوقع ہیں۔