وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ طوفانی بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ملک ایک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، اور ان بارشوں و کلاؤڈ برسٹنگ کے باعث بہت بڑی تباہی آئی ہے، جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں‘۔
شہریوں کی حفاظت اور ریلیف اولین ترجیح ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب زردگان سے ملاقات کے دوران کہا کہ شہریوں کی حفاظت، سیلاب زردگان اور متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہاں جوانوں، پولیس اور سول انتظامیہ کے عہیدیداروں سے ملاقات کی اور کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا، سیلاب متاثرین کی حفاظت اور ریلیف سب سے پہلی ترجیح ہو گی، افواج پاکستان مسلسل ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین سے خطاب میں کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک 700 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 300 سے زیادہ کا تعلق صرف خیبر پختونخوا سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ کوششوں سے امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، اور کے پی کے میں بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
خطرناک مقامات پر تعمیرات پر شدید تنقید
وزیراعظم شہباز شریف نے دریا کے اندر بنے ہوٹلوں اور رہائشی مکانات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ دریا میں ہوٹل بنانا فحاش غلطی ہے، اس کی نہ کوئی معافی ہے نہ تلافی۔ ایسی تعمیرات نہ صرف قانونی لحاظ سے غلط ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس قسم کی تعمیرات پر سخت پابندی عائد کی جائے گی اور متعلقہ اداروں کو بھی جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔
آئندہ مزید بارشوں کا امکان
وزیراعظم نے قوم کو متنبہ کیا کہ ملک میں بارشوں کے مزید دو اسپیل متوقع ہیں، جن میں اگلا سلسلہ 2 ستمبر سے شروع ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور عوام کو الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
افواج پاکستان اور فلاحی اداروں کو خراج تحسین
وزیراعظم نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف پاک افواج، الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر فلاحی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ’پاک فوج ایک طرف خوارج دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور دوسری طرف سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فیلڈ مارشل اور فوج کے تعاون سے معیشت کو سنبھالنے کے لیے بھی پرعزم ہے، اور اس موقع پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین خدمات انجام دے رہی ہیں۔
حکومت کا ریلیف پر فوکس
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
اس مشکل گھڑی میں ہم صوبوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارا دل اپنے بھائیوں کو مصیبت میں دیکھ کر روتا ہے۔ ہم ان چیلنجز سے مل کر نمٹیں گے‘۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت شدید موسمی بحران کا سامنا کر رہا ہے، جہاں سیلاب، طوفانی بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ وفاقی حکومت اور پاک فوج امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔