بھارت کے شہر ممبئی میں حالیہ موسلا دھار بارشوں نے جہاں روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، وہیں فلمی دنیا کے بڑے ستارے بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکے۔
سپر اسٹار امیتابھ بچن کا مشہور زمانہ جوہو بنگلہ ”پرتیکشا“ بارش کے پانی میں ڈوب گیا اور اس کے اندر تک پانی بھرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بنگلے کے باہر اور اندرونی حصے میں گھٹنوں تک پانی جمع ہے۔ ایک شخص ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے کہ ”پیسہ ہو یا شہرت، ممبئی کی بارش کسی کو نہیں بخشتی، نہ امبانی، نہ امیتابھ بچن!“ یہ ویڈیو اس وقت ریکارڈ کی گئی جب سڑک کا پانی سیدھا بنگلے کے اندر داخل ہو گیا۔ ایک کار کو بھی پانی میں پھنسا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ جیسے ہی ویڈیو بنانے والا شخص سیکیورٹی کی جانب بڑھتا ہے، اسے وہاں سے نکال دیا جاتا ہے۔
یہ تاریخی بنگلہ ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع ہے اور امیتابھ بچن کی زندگی میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ ویڈیو میں سڑک سے لے کر بنگلے کے اندر تک ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دیتا ہے اور پورا علاقہ بارش سے زیرِ آب نظر آتا ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص یہ دعویٰ بھی کرتا ہے کہ امیتابھ بچن خود وائپر لے کر پانی صاف کرنے میں مدد کے لیے باہر آئے۔ اس نے مزید کہا کہ ”چاہے آپ کے پاس کتنی بھی دولت ہو یا آپ ہزاروں کروڑ کے مالک ہوں، ممبئی کی بارش سے کوئی نہیں بچ سکتا، نہ امبانی، نہ امیتابھ بچن!“
#AmitabhBachchan #MumbaiRains #viralvideo pic.twitter.com/ilP1ddf5bA
— Diksha Sharma (@DikshaS17150327) August 19, 2025