پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی

پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا نوٹم جاری کر دیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 23 ستمبر تک توسیع کی گئی ہے۔

اتھارٹی حکام کے مطابق بھارتی طیاروں پر پاکستانی حدود کے استعمال پر پابندی میں یہ چوتھی مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر رکھی ہے، جس کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

اس سے قبل بھارت نے 23 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد 24 اپریل کو پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025: بھارت اور پاکستان میچ سے قبل جعلی ٹکٹوں کی فروخت کا خدشہ

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پہلی مرتبہ 23 مئی کو فضائی حدود کی بندش میں توسیع کی تھی، جس کے بعد 23 جون کو مزید ایک ماہ کے لیے اضافہ کیا گیا۔ 19 جولائی کو جاری کردہ نوٹم میں بتایا گیا تھا کہ پابندی 24 اگست صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی، تاہم اب اس میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *