پاکستان کے ون ڈے کپتان محمد رضوان نے 2025 کی جاری کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی طرف سے کھیلنے کا معاہدہ کر لیا ہے، جو کہ سی پی ایل میں ان کی پہلی شرکت ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق محمد رضوان نے افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کی جگہ ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے، جو قومی ذمہ داریوں کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ پیٹریاٹس کی جانب سے محمد رضوان کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
محمد رضوان کی ’سی پی ایل‘ میں شرکت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری ہونے سے مشروط ہے، جس کے اجرا کا عمل جاری ہے۔ تاہم، ان کی اگلے میچ میں بارباڈوس رائلز کے خلاف دستیابی تاحال غیر یقینی ہے۔
یہ محمد رضوان کا کسی غیر ملکی ٹی20 لیگ میں دوسرا معاہدہ ہے۔ اس سے قبل وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پیٹریاٹس کے اسکواڈ میں پہلے ہی پاکستان کے فاسٹ بولرز، نسیم شاہ اور عباس آفریدی شامل ہیں، جو ٹیم کی بولنگ لائن کو مضبوط بناتے ہیں۔
2025 کا سی پی ایل دنیا بھر سے بہترین کھلاڑیوں کو اپنی جانب راغب کر رہا ہے اور محمد رضوان کی شمولیت سے پیٹریاٹس کی کارکردگی کو نمایاں تقویت ملنے کی امید ہے۔