خیبرپختونخوا کے ضلع پشاور بھر میں پلاسٹک بیگز کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پلاسٹک کے بیگز پر ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوامی مفاد اور ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر پلاسٹک کے بیگز کی فروخت، تقسیم پر پابندی ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق پولیتھین بیگز نکاسی آب کے نظام کو بند کرکے گندگی اور شہری مسائل پیدا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے پولیتھین بیگز کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی نے وفاقی وزارتوں اور محکموں کو مراسلہ بھیجا تھا جس میں کہا گیا کہ پولیتھین بیگز پر پابندی کے اقدام پر عملدرآمد تیز کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی نے 2019 میں اسلام آباد میں پلاسٹک کے بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ استعمال ہونے والے پولیتھین بیگز کے دوبارہ استعمال پر پابندی عائد کی گئی، پولیتھین بیگز کے استعمال پر پابندی پلاسٹک ریگولیشنز 2003 کے تحت لگائی گئی۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وفاقی وزارتیں اور محکمے پابندی سے متعلق ریگولیشنز پر سختی سے عمل کریں۔