نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور سی پیک کے اگلے مرحلے سمیت متعدد اہم امور پر مذاکرات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مفید اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں سی پیک سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا اور تمام اہم معاملات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ عوامی روابط، تجارتی تعاون اور سی پیک فیز 2 کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور دونوں ممالک عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔
نائب وزیر اعظم نے چین کی جانب سے پاکستان کی علاقائی خودمختاری اور سالمیت کے لیے مسلسل حمایت کو سراہا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دوستانہ، برادرانہ اور قابل اعتماد ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز 2 کو ہائی کوالٹی تعاون کے مرحلے میں لے جایا جا رہا ہے اور انسداد دہشتگردی سمیت دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
وانگ ژی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے چھٹے ڈائیلاگ میں بھی تمام پہلوؤں پر مکمل ہم آہنگی پائی گئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک صنعت، زراعت اور مائننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق ہو گئے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور چین آئندہ سال اپنی دوستی کی 75ویں سالگرہ منائیں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک تاریخی سنگِ میل ہو گا۔ نیوز کانفرنس کا اختتام دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات، باہمی اعتماد، اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم پر ہوا۔