بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی کو عدالت میں طلب کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کی ایک سول عدالت نے دونوں اداکاروں اور فلم کے ہدایتکار سبھاش کپور کو جلد ریلیز ہونے والی فلم ’’جولی ایل ایل بی‘‘ میں عدلیہ کی مبینہ توہین کے الزام میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یہ نوٹس وکیل واجد رحیم خان کی جانب سے دائر درخواست کے بعد جاری کیا گیا۔ عدالت نے اکشے کمار، ارشد وارثی اور سبھاش کپور کو 28 اکتوبر کو صبح 11 بجے ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈووکیٹ واجد رحیم خان کے مطابق، یہ کارروائی ان کی درخواست پر کی گئی جس میں الزام لگایا گیا کہ فلم میں بھارت کے قانونی نظام کا مذاق اڑایا گیا اور عدالتی کارروائی کی توہین کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم میں وکیل کے پیشے کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ایک منظر میں ججز کو ’’ماما‘‘ کہا گیا ہے، جو ایک بدزبانی کے طور پر استعمال ہونے والی اصطلاح ہے۔