برسلز میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے فنگشن کے میزبان سردار ظہور اقبال نے سہیل وڑائچ کے کالم پرتردیدی بیان سامنے آگیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سہیل وڑائچ کے کالم کو بنیاد بنا کر بہت سی ڈس انفارمیشن پھیلائی جا رہی ہے کہ سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں دعویٰ کیا کہ ان کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے دو گھنٹے کی ملاقات ہوئی، جو سراسر غلط بیانی ہے۔ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، نہ ہی کسی صحافی سے دو گھنٹے تو دور پانچ منٹ کی بات بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی جو تقریر تھی، اسی کو بنیاد بنا کر کالم لکھے گئے اور ایسا یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ انہیں کوئی انٹرویو دیا گیا ہے جو کہ قطعی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
کالم میں جس قرآنی آیت کا ذکر کیا گیا، وہ دراصل انڈیا کے حوالے سے تھی۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھارت کے حوالے سے بات کررہے تھے اور اسی تناظر میں فیلڈ مارشل نے قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا شیطان کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں جس کھانے یا لنچ کا حوالہ دیا ہے حقیقت یہ ہے کہ کھانے کی میز پر کم از کم بیس لوگ موجود تھے، اور وہاں نہ کسی قسم کا کوئی انٹرویو ہوا اور نہ ہی ایسا مکالمہ جسے بنیاد بنا کر یہ ثابت کیا جا سکے کہ میری لمبی گفتگو ہوئی ہے۔ اس بات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔