لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
گزشتہ روز لاہور پولیس نے زمان پارک سے شاہ ریز خان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا اور ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
تاہم ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اس درخواست کی مخالفت کی، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، بعدازاں عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صرف آٹھ دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
یاد رہے کہ علیمہ خان نے ایک روز قبل الزام لگایا تھا کہ مسلح افراد ان کے بیٹے کو اغوا کرکے لے گئے ہیں تاہم پولیس حکام نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے تصدیق کی کہ شاہ ریز خان کو 9 مئی کے مقدمات میں باقاعدہ گرفتار کیا گیا ہے۔