نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری افتخار نے منصور علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ڈکی بھائی کے خلاف تحقیقات کا آغاز جون میں ہوا تھا، جس کے بعد باقاعدہ انکوائری شروع کی گئی۔
چوہدری افتخار کے مطابق، ڈکی جون میں بھی آن لائن ویڈیوز کے ذریعے جوا اور گیمبلنگ کو فروغ دیتا رہا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری افتخار نے بتایا کہ سوشل میڈیا صارفین کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لئے ایک سائبر پٹرولنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کا کام 24 گھنٹے آن لائن ہونے والی کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائبر کرائم ونگ کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اخلاقی برائیوں پر بھی نظر رکھے اور ان کے خلاف کارروائی کرے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پچاس سے زائد وی لاگ یا پروگرام ایسے ہیں جن میں ڈکی نے جوا اور گیمبلنگ کو فروغ دیا اور ہر پروگرام کے حساب سے پیسے وصول کیے۔ مزید برآں، ڈکی بھارتی جوا کے ایپ کو فروغ دینے میں بھی ملوث رہا ہے، جبکہ دنیا میں سب سے زیادہ جوا بھارت میں ہو رہا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ ڈکی کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا ہے، اس میں تین سال سے پانچ سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔