کوئٹہ دھماکہ انسانیت پر حملہ ہے، دہشتگرد قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے،وزیراعظم شہبازشریف

کوئٹہ دھماکہ انسانیت پر حملہ ہے، دہشتگرد قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے،وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے چمن پھاٹک کوئٹہ کے قریب ہونے والے افسوسناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے ہرگز کمزور نہیں کیے جاسکتے، انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی سفاکیت اور انسانیت دشمنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

سماجی رابطے کے ذریعے(ایکس ) پرجاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں کے قریب ایسے واقعات پورے ملک کو غمزدہ کردیتے ہیں، تاہم قوم ہر مشکل گھڑی میں متحد ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ سرگرم ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کو خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام کیلئے قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اس مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر خوف اور بے یقینی پھیلانا چاہتے ہیں مگر پاکستانی قوم متحد ہوکر ہر سازش کا مقابلہ کرے گی۔

editor

Related Articles