ضلع غذر میں گلیشئر برسٹ کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب نے مقامی آبادی کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ اچانک آنے والے پانی کے ریلوں نے علاقے کے کئی دیہات کو متاثر کیا، جہاں رابطہ سڑکیں، مکانات اور کھڑی فصلیں نقصان سے دوچار ہوئیں۔ مقامی آبادی کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے پاک فوج حرکت میں آگئی۔
فیلڈ مارشل کی خصوصی ہدایت پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز (ایف سی این اے) نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ابتدائی ریلیف کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔ اس سلسلے میں پاک فوج کی جانب سے تھالی داس اور روشن نامہ گاؤں میں میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ان کیمپس میں اب تک 600 سے زائد مریضوں کو طبی امداد اور ادویات فراہم کی جا چکی ہیں، جب کہ مقامی خواتین، بچے اور بزرگ بھی بڑی تعداد میں ان سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں راشن، ضروری اشیائے خورونوش اور خیمے (ٹینٹ) تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ بے گھر ہونے والے افراد کو فوری سہارا دیا جا سکے۔ پاک فوج کے جوان ریلیف کے ساتھ ساتھ ریسکیو سرگرمیوں میں بھی سرگرم عمل ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
علاقے کے عوام نے پاک فوج کی اس بروقت اور عملی مدد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مشکل اور کٹھن حالات میں پاک فوج نے ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے اور ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ فوج ہر آزمائش کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔