پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے پنجاب کے دو حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیرآباد سے عین احمد کو پارٹی کی حمایت حاصل ہوگی، جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 87 میانوالی سے منزہ فاطمہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار ہوں گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ باقی نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا اور ضمنی انتخابات سے متعلق حتمی فیصلے کے بارے میں بانی پی ٹی آئی کو بھی بتایا جائے گا۔
اجلاس میں علیمہ خانم کے بیٹوں کی گرفتاری کی مذمت بھی کی گئی جبکہ اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی فی الحال قانونی پہلوؤں کے استعمال تک مؤخر رکھی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق اگر قانونی جنگ میں کامیابی نہ ملی تو محمود اچکزئی اور اعظم سواتی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا جا سکتا ہے۔