عمان نے گولڈن ویزا اسکیم میں پاکستانیوں کو بھی شامل کر لیا، کیا آپ اہل ہیں؟

عمان نے گولڈن ویزا اسکیم میں پاکستانیوں کو بھی شامل کر لیا، کیا آپ اہل ہیں؟

سلطنتِ عمان نے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ 31 اگست 2025 سے گولڈن ویزا اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر رہا ہے۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، عمانی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور سلطنت کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔

یہ نیا ویزا پروگرام عمان کی وزارتِ تجارت، صنعت و سرمایہ کاری کے فروغ کے تحت متعارف کروایا جا رہا ہے، جسے المجیدہ کمپنیز کے اشتراک سے مربوط کیا گیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد ان کمپنیوں کی سرپرستی کرنا ہے جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور عمان کی ترقی کے عمل میں فعال ہیں۔

گولڈن ویزا اسکیم کے ساتھ ساتھ عمان حکومت نے “عمان بزنس پلیٹ فارم” کے ذریعے کاروباری اندراجات کی مکمل ڈیجیٹل منتقلی کا نظام بھی متعارف کرایا ہے۔

اس جدید نظام کے تحت سرمایہ کاروں کو کاروباری رجسٹریشن اور دیگر مراحل میں نہ صرف وقت اور پیسوں کی بچت ہوگی بلکہ شفافیت اور آسانی بھی یقینی بنائی جائے گی، جو ایک جدید کاروباری ماحول کی بنیاد رکھتا ہے۔

اس پروگرام کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر صلالہ میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف اہم اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدے طے پائیں گے۔

ان اداروں میں سلطان قابوس یونیورسٹی، جرمن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، عمان انرجی ایسوسی ایشن اور ایبناء شامل ہیں، جن کا کردار اس پروگرام کی کامیابی اور مستقبل کی پیش رفت میں کلیدی ہوگا۔

یہ اسکیم پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے لیے بھی ایک سنہری موقع ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جو پہلے سے متحدہ عرب امارات یا سعودی عرب میں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اب وہ عمان کی مستحکم اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں طویل مدتی قیام اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ گولڈن ویزا کے تحت انہیں عمانی مارکیٹ میں داخل ہونے، قانونی حیثیت حاصل کرنے اور پائیدار کاروباری بنیادیں قائم کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

ماہرین کے مطابق عمان کا یہ اقدام خلیجی خطے کے دیگر ممالک، خاص طور پر یو اے ای اور سعودی عرب کے نقشِ قدم پر ہے، جہاں پہلے ہی گولڈن ویزا جیسے پروگرامز کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو طویل المدتی رہائش اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

عمان اب اس دوڑ میں شامل ہو کر اپنی معیشت کو مضبوط اور متنوع بنانے کے سفر پر گامزن ہے، اور عالمی سطح پر اپنی اہمیت میں اضافہ کر رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *