خیبرپختونخوا اسمبلی نے خیبرپختونخوا گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بل کی منظوری دے دی ہے۔
بل کے مطابق فاؤنڈیشن کے تحت دوران ملازمت وفات پانے والے اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پلاٹ دیے جائیں گے۔ تمام سرکاری ملازمین کے لیے فاؤنڈیشن کے ساتھ رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ملازمین سے رجسٹریشن فیس کے علاوہ ماہانہ بنیادوں پر کٹوتی بھی کی جائے گی، تاہم پلاٹس ملازمین کو نہ منافع پر اور نہ نقصان پر دیے جائیں گے۔ فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹس کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی دو دن جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی ایک دن کی بنیادی تنخواہ اگست 2025 کی ادائیگی سے کاٹی جائے گی۔
یہ فیصلہ صوبے کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کے ملازمین پر نافذ ہوگا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا تاکہ سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی فنڈز اکٹھے کیے جا سکیں اور ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔