وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے اسناد کی تصدیق کے لیے جدید سی سی ڈی پورٹل کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ پورٹل انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد طلبہ کو اسناد کی تصدیق سمیت دیگر اہم سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی غلام علی ملاح نے بتایا کہ اس نئے سسٹم کے ذریعے طلبہ اب اپنی اسناد کی تصدیق آن لائن کر سکیں گے اور کسٹمر کیئر ڈیسک سے براہ راست رابطے میں آ سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی اسناد کی تصدیقی حیثیت کا مشاہدہ بھی کر سکیں گے۔غلام علی ملاح کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے طلبہ چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کسٹمر کیئر ڈیسک کے ذریعے شکایات اور مسائل درج کرا سکتے ہیں۔
دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود والدین یا طلبہ ای میل کے ذریعے رابطہ کر کے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، جس کا جواب 24 گھنٹوں کے اندر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سروس کو ابتدائی طور پر چھ ماہ کے بیٹا ورژن میں آزمایا گیا، جس کے بعد اب اسے عوام کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ “علم مومن کی کھوئی ہوئی میراث ہے”، اور اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیمی معاملات میں صوبوں کو خود مختاری حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی بی سی سی کا قیام تعلیمی اداروں کے مابین رابطہ کاری اور معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے عمل میں آیا تھا، اور جلد ہی تمام صوبوں کے ساتھ مل کر تعاون کے طریقہ کار پر بات چیت کی جائے گی۔
خالد مقبول صدیقی نے اس اقدام کو پاکستان کی تعلیمی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب طلبہ کو اپنی اسناد کی تصدیق کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، کیونکہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ عمل بہت آسان ہو چکا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیمبرج پیپر لیک کے معاملے کی حتمی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر تعلیم نے آئی بی سی سی میں شجرکاری مہم کے تحت ایک پودا بھی لگایا۔