پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 18 ارکانِ قومی اسمبلی نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرا دیے ہیں۔
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری کوشش تھی کہ وہ نظام کا حصہ بنے رہیں اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔ تاہماس وقت کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی نے قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی استعفے جمع کرا دیے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جن ارکان نے استعفے جمع کرائے ہیں، ان میں بیرسٹر گوہر ، فیصل امین گنڈاپور، علی اصغر خان، جنید اکبر، عامر ڈوگر، شیخ وقاص اکرم، شہریار آفریدی، آصف خان اور دیگر شامل ہیں۔ یہ استعفے اسپیکر چیمبر میں جمع کرائے گئے۔
یاد رہے کہ جنید اکبر نے ایک روز قبل ہی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اور انرجی کمیٹی کے عہدوں سے بھی استعفیٰ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ عمران خان کی ہدایت پر کیا اور اپنا استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوایا۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے رکنِ اسمبلی سہیل سلطان نے بھی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ لا اینڈ جسٹس، واٹر ریسورسز اور سیفران کمیٹیوں کے رکن تھے۔ سہیل سلطان نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرا دیے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل عمران خان نے پارٹی ارکان کو ہدایت دی تھی کہ وہ قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائیں۔