صوبائی دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
آٹا ڈیلرز کے مطابق مکس آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 350 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 1400 روپے سے بڑھ کر 1750 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح سپر فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 350 روپے اضافے کے بعد 1450 روپے سے بڑھ کر 1800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 250 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 1850 روپے میں دستیاب ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافہ آٹے کے مہنگا ہونے کی بنیادی وجہ ہے۔