خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک خوش آئند اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے انہیں آسان اقساط پر گھر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی اسمبلی نے “گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بل” کی منظوری دے دی ہے۔
حکومت کے مطابق اس منصوبے کا مقصد سرکاری ملازمین کو بہتر، باعزت اور پائیدار رہائش فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ دورانِ ملازمت اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پرسکون زندگی گزار سکیں۔
بیشتر ملازمین محدود تنخواہوں کی وجہ سے اپنا گھر یا پلاٹ خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، وہ ریٹائرمنٹ کے بعد مالی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔اسی مسئلے کے پیش نظر حکومت نے ایک جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔
اس بل کے تحت سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں سے ایک مخصوص رقم اقساط کی شکل میں کاٹ کر ’’ہاؤسنگ فاؤنڈیشن‘‘فنڈ میں جمع کی جائے گی۔
اس فنڈ کا مقصد کم لاگت پر رہائشی منصوبے شروع کرنا ہے، تاکہ ملازمین کو ان کی مالی استطاعت کے مطابق گھر یا پلاٹ فراہم کیے جا سکیں۔
ان منصوبوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے جدید ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نمونوں کو اپنایا جائے گا، تاکہ ملازمین کو بہتر اور معیاری رہائشی سہولیات دستیاب ہو سکیں۔
یہ اسکیم صرف پشاور تک محدود نہیں ہوگی بلکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کی جائے گی، تاکہ دور دراز علاقوں کے سرکاری ملازمین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔