فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کرتارپور میں سکھ برادری سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
اس کے بعد فیلڈ مارشل نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہیں بارشوں کے نئے سپیل اور اس کے پیش نظر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے جوانوں اور سول انتظامیہ کے درمیان مثالی کوآرڈی نیشن کو سراہا اور ریسکیو سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔