پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان ہے، تاہم کتنی کمی ہوگی، اس حوالے سے عوام کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس میں عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں کمی کے لیے ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس میں ایک لیٹر پیٹرول 61 پیسے سستا کرنے کی تجویز شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 1 روپے 57 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوگرا 31 اگست کو قیمتوں کی ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا، جس کے بعد وزیراعظم حتمی منظوری دیں گے۔ منظوری کی صورت میں پیٹرول کی قیمت 264.61 روپے سے کم ہو کر 264 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 272.99 روپے سے کم ہو کر 269.86 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 178.27 روپے سے کم ہو کر 176.70 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل 162.16 روپے سے کم ہو کر 159.55 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کہ حکومت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں اس وقت 80.52 روپے، جبکہ ڈیزل پر 79.51 روپے وصول کر رہی ہے۔
منظوری کی صورت میں نئی قیمتوں پر یکم ستمبر 2025 سے عمل درآمد ہوگا اور یہ قیمتیں اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔