ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اے ڈی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بینک کے صدر نے لاہور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور دریائے راوی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نقصان کا جائزہ لیا اور مقامی حکام سے بریفنگ حاصل کی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں جاری قدرتی آفت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہنگامی امداد کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور بنیادی ضروریات زندگی کی بحالی میں مدد دینا ہے۔
اے ڈی بی کی یہ امداد حکومتِ پاکستان، مقامی اداروں اور دیگر عالمی شراکت داروں کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں استعمال کی جائے گی۔