چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ آئندہ تین سے چار روز میں مزید بارشوں کا امکان ہے اور اس حوالے سے الرٹ جاری کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام بڑے دریاؤں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں :بھارت کی آبی جارحیت جاری،ایک اورسیلابی ریلا پاکستان کی جانب چھوڑ دیا
اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشئر تیزی سے پگھل رہے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی ملک کے لیے بڑے خطرات لے کر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل سیلابی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور لمحہ بہ لمحہ رپورٹس حاصل کر رہے ہیں۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کاربن کے عالمی اخراج میں نہ ہونے کے برابر حصہ رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود قدرتی آفات کا سامنا کر رہا ہے۔ اس وقت پورا ملک یکجا ہو چکا ہے تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ دنیا کے صرف سات سے دس ممالک ہی 70 فیصد کاربن کے اخراج کے ذمہ دار ہیں۔ ان کے بقول، شدید بارشوں اور سیلاب سے پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ چھ ماہ قبل ہی صوبوں کو مون سون کی شدت کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا تھا، اور وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی سیلابی صورتحال پر براہِ راست مانیٹرنگ کر رہے ہیں، جبکہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ آگے بڑھ کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔