مہنگائی کے مارے عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا! ملک میں سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا، قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
سونے کی قیمت نے صرف دو دن میں ایسا چھلانگ ماری کہ خریداروں کے ہوش اُڑ گئے ہیں جنہیں امید تھی کہ دام نیچے آئیں گے، اُن کے لیے یہ خبر کسی دکھ سے کم نہیں، مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں صرف 48 گھنٹوں کے اندر 6900 روپے فی تولہ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہو گیا ہے۔
گزشتہ کاروباری دن بروز ہفتہ سونے کی قیمت میں 3600 روپے فی تولہ اضافہ ہوا تھا، آج سونے کے نرخ میں 3300 روپے کا مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
دو دنوں کے دوران سونے کے نرخ میں 6900 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، آج سونے کا فی تولہ ریٹ 3 لاکھ 70 ہزار 700 روپے تک پہنچ گیا ہے جو کہ بلند ترین سطح ہے۔
دس گرام گرام سونے کے نرخ میں 2 ہزار 829 روپے کا اضافہ ہونے سے قیمت 3 لاکھ 17 ہزار 815 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کے نرخ میں 33 ڈالرکا اضافہ ہونے سے فی اونس قیمت 3 ہزار 480 ڈالرکی سطح پر آ گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کبھی کمی اور کبھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور کچھ بین الاقوامی فنانشل ادارے رواں سال اس قیمتی دھات کے نرخ مزید بڑھنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے،بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔
اسی وجہ سے مرکزی بینک سونے کے بڑے ذخیرہ کار ہیں، جو تاریخ میں کان کُنی کے ذریعے نکالے گئے مجموعی سونے کا تقریباً پانچواں حصہ رکھتے ہیں۔