پنجاب پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے 9 اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث راوی، ستلج اور چناب میں دباؤ برقرار ہے جبکہ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آئندہ تین روز تک دریاؤں میں یہی صورتحال رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد پانی دریائے سندھ میں شامل ہوگا۔
پیر کے روز پی ڈی ایم اے نے بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں 9 اضلاع کو متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر سیلابی الرٹ جاری کیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور پاکپتن متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، ملتان اور مظفرگڑھ میں بھی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
بھارت کی طرف سے نیناکوٹ پر مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد ریلا جسڑ اور شکرگڑھ کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے باعث تین ہزار سے زائد افراد اور 150 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔