پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن جاری

پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن جاری

سمندری حدود میں پیش آنے والے ایک ہنگامی واقعے کے دوران پاک بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی عملے کی مدد کر کے پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک تجارتی بحری جہاز ایم وی گوتم میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے باعث اس پر سوار عملہ مشکلات کا شکار ہو گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جہاز عمان سے بھارت کی جانب رواں دواں تھا جب اچانک تکنیکی مسئلہ سامنے آیا، صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ممبئی میں قائم میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن مرکز نے پاکستانی حکام سے فوری رابطہ کیا اور مدد کی درخواست کی، اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے تاخیر کیے بغیر امدادی کارروائی شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں :پاک بحریہ کی بڑی کامیابی، پہلی ہنگور کلاس آبدوز بحری بیڑے میں شامل

پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز “کشمیر” کو متاثرہ مقام کی جانب روانہ کیا، جہاں پہنچ کر عملے کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی،جہاز پر موجود 6 بھارتی اور ایک انڈونیشیائی شہری پر مشتمل عملے کو خوراک، طبی امداد اور فنی معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے اور جہاز کو محفوظ حالت میں لایا جا سکے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک بحریہ سمندر میں پیش آنے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے اور بین الاقوامی اصولوں کے تحت انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے،اس واقعے نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے بحری ادارے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

editor

Related Articles