نائجیریا کے شمالی وسطی علاقے میں ایک کشتی کے الٹنے سے کم از کم 60 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے جمعرات کو اس المناک واقعے کی تصدیق کی۔ حادثہ نائجر ریاست کے بورگو لوکل گورنمنٹ ایریا میں پیش آیا، جب زیادہ بھری ہوئی کشتی ایک درخت کے ڈوبے ہوئے تنے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
کشتی منگل کی صبح مالالے ضلع کے گاؤں ٹنگن سُلے سے تعزیتی دورے کے لیے دوگہ شہر روانہ ہوئی تھی۔ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بجے کشتی گوساوا کمیونٹی کے قریب دریا میں ایک درخت کے تنے سے ٹکرا گئی، جس کے بعد وہ الٹ گئی۔
یہ بھی پڑھیں:لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا اہم کارندہ افغان شہری پشاور سےگرفتار
بورگو کے لوکل گورنمنٹ چیئرمین عبد اللہ بابا آرا نے ہلاکتوں میں اضافے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ’ کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو چکی ہے۔ 10 افراد شدید زخمی حالت میں ملے ہیں اور کئی افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں‘۔
خواتین اور بچے زیادہ متاثر
شاگومی کے ضلعی سربراہ سعدو انوار محمد، جو حادثے کے بعد موقع پر موجود تھے، نے بتایا کہ ’ کشتی میں 100 سے زیادہ افراد سوار تھے۔ ہم نے اب تک دریا سے 31 لاشیں نکالی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ منگل کے روز 4 افراد کی تدفین اسلامی طریقے سے کی گئی۔ ان کے مطابق جاں بحق افراد میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔