سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بناسکی، یو اے ای کی جانب سے علی شان شرفو 68 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور صاحبزادہ فرحان 16 جبکہ صائم ایوب 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان سلمان آغا 7، محمد حارث 14 جبکہ حسن نواز 4 رنز بناکر چلتے بنے۔
تاہم فخر زمان اور محمد نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی مجموعی رنز کو آگے بڑھایا، فخر زمان 77 اور محمد نوا 37 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
یو اے ای کی جانب سے حیدر علی نے 2 جبکہ جنید صدیق، محمد روحد اور شروو پرشار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم سیریز میں اپنا چوتھا میچ کھیل رہی ہے جس میں اس کو ابتدائی دو میچز میں فتح حاصل ہوئی جبکہ تیسرے میں افغانستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان سکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا، ابرار احمد۔
یو اے ای سکواڈ
محمد وسیم (کپتان)، آصف خان، علی شان شرفو، راہل چوپڑا (وکٹ کیپر)، ایتھان ڈیسوزا، ہرشت کوشک، شروو پرشار، حیدر علی، محمد جواز، محمد روحد، جنید صدیق۔